اگرتلہ ، 27؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)تری پورہ کے گورنر تتھاگت رائے نے مغربی بنگال میں ٹھکانہ تلاش کررہے بنگلہ دیش کے سرحد پار دہشت گردوں پر تشویش کا اظہار کیا اورندی کے پانی کی تقسیم سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی اپیل کی ۔رائے نے کہا کہ ساحلی ملک ہونے کے ناطہ بنگلہ دیش کو پانی کا واجب حصہ ملنا چاہیے تاکہ اس سے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں۔انہوں نے کہاکہ ستلج، چیناب سمیت پانچ ندیاں ہندوستان سے پاکستان میں بہتی ہیں اور ہمارے تعلقات میں بگاڑ کے باوجود ہندوستان نے پانی کی تقسیم نہیں روکی ہے۔گورنر نے کل شام ایک نیوز پورٹل کی طرف سے منعقد ایک پروگرام میں کہاکہ اس لیے ہندوستان ساحلی ملک بنگلہ دیش کو پانی کی تقسیم سے محروم نہیں کر سکتا ہے۔آئیں تلخی پیدا کرنے والی اس چیز کوختم کریں۔بی جے پی کے لیڈر رہ چکے رائے نے کہا کہ بنگلہ دیش اور ہندوستان کے درمیان ویزا نظام کو آسان بنایا جانا چاہیے اور انہوں نے مرکزی حکومت کے سامنے اسے اٹھایا ہے۔انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیش کی تقریبا آدھی سرحد مغربی بنگال سے ملتی ہے اور وہاں کے کئی دہشت گرد ریاست کو اپنی پناہ گاہ کے طور پر استعمال کر رہے ہیں جو خطرناک ہے۔